جدید ترین فائٹر ایئرکرافٹ جے 10 سی کو پاکستان ائیر فورس میں شامل کرلیا گیاہے ‘ بحری جہاز تباہ کرنے والے بہت مؤثر میزائلوں سے لیس جے ٹین سی بھارت کے رافیل طیاروں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے



کامرہ ( 11 مارچ 2022ء ) جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی پاکستان کی ائیر فورس میں شامل کرلئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جدید فائٹر ایئر کرافٹ جے ٹین سی پاکستان کی ائیر فورس کے حوالے کردیے گئے ہیں ، اس سلسلے میں کامرہ میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا ، اس تقریب میں چیف آف ائیر اسٹاف کی خصوصی دعوت میں شرکت پر وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ، اس موقع پر وفاقی وزراء ، عسکری حکام اور چینی سفیر نے بھی تقریب میں شرکت کو یقینی بنایا  ۔

بتایا گیا ہے کہ جے ٹین سی فضا سے زمین اور فضا سے سمندر میں ٹارگٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ، جے ٹین سی میں بحری حدود کے دفاع میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بحری جہاز تباہ کرنے والے جدید میزائلوں سے لیس بھی ہے ، جے ٹین سی بھاری مقدار میں حربی سازو سامان اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جے ٹین سی اسٹریٹیجک جوہری ایٹمی ہتھیار لے جانے کے قابل ہے ۔


پتا چلا  ہے کہ جے ٹین لڑاکا طیاروں کو جے ایف 17کے ساتھ مواصلاتی طور پر منسلک کرنے کا آپشن بھی موجودہے ، جدید فائٹر ایئرکرافٹ جے ٹین سی بھارتی رافیل طیاروں کا مقابلہ کرنے کی اعلیٰ صلاحیت رکھتا ہے چین کا بنایا ہوا جے ٹین سی 4.5 پلس  جنریشن طیارہ ہے جس میں بہت جدید ترین ریڈار نظام نصب ہے ، جے ٹین سی کے ریڈار میں 1400 ٹی آر ایم جبکہ بھارتی رفال طیاروں کے ریڈار میں 1200 ٹی آر ایم ہے ، جے ٹین سی کو ویگرس ڈریگن بھی کہا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے رواں برس 23 مارچ کو وفاقی پاکستان کے کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی یوم پاکستان کا پریڈ کے موقع پر چینی ساختہ لڑاکا طیاروں جے 10 سی کے ایک سکواڈرن کی نمائش  کا بھی اعلان کیا ہے۔