اسلام آباد ( 27 مارچ 2022ء ) قومی اسمبلی میں قائد


حزب اختلاف اور پاکستان
 مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک حقیقت ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے ساڑھے 3 سال میں مہنگائی عروج پر پہنچی اور اس دور حکومت میں بدترین غربت ایک سچ ہے اورعمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن بھی ایک حقیقت ہے ، اس لیےعوام مہنگائی مکاؤ مارچ میں شامل ہوں تاکہ حکومت کا آئینی طریقے سے خاتمہ کریں۔

ادھرپاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کرپشن کا حساب تو ہوگا کیونکہ عمران خان ہمارے نہیں قوم کے مجرم ہیں، فرح خاتون اسکینڈل سارے اسکینڈلز کا باپ ہے، یہ بنی گالہ میں کسی کی فرنٹ وومن ہے، کوئی تبادلہ تقرری اور ترقی اس کو رشوت دیے بغیر نہیں ہوتی، جب وہ پھنس جاتے ہیں تو فون وزیراعظم ہاؤس سے آتا ہے۔انہوں نے مہنگائی مکاؤ مارچ کے دوران کہا کہ عوام کے ردعمل سے پتا چلا ہے کہ لوگ کس طرح اس نااہل اور ناکام حکومت سے تنگ تھے ، یہ تحریک اپوزیشن نے شروع نہیں کی بلکہ یہ قدم عوام نے اٹھایا ہے، یہ قدم عمران خان کی اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی نے اٹھایا ہے، کیونکہ تاریخی ناکامی کا بوجھ کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن نے تاخیر کی لیکن عوام تو پہلے ہی آگے جاچکی ہے۔

مریم نواز نے کہ کہاعمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کی کسی بات کا مجھے یقین ہے اور نہ قوم کو یقین ہے، یہ وہی شخص ہے 35 پنکچرز والا، ایک کروڑ نوکریوں والا اور 50 لاکھ گھروں والا، نو دنوں میں کرپشن ختم کرنے والا وہی شخص ہے میں سمجھتی ہوں اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں ہے، عزت اسی میں ہے سامان باندھے اور چلتا بنے، عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، چیخیں نہیں سن رہے، عمران خان جاچکا ہے ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں۔