عمران خان کو بائے بائے کہنے کا وقت ہوچکا‘ منظور و سان نے ایک اور خواب دیکھ لیا



رواں سال الیکشن کا ہے‘ تمام پارٹیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کا الحاق ہوگا اور سب مل کر حکومت بنائیں گے۔ مشیر زراعت سندھ کا بیان


کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 09 مارچ 2022ء ) سیاسی خوابوں کے حوالے سے مشہور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سندھ کے مشیرزراعت منظور وسان نے کہا ہے کہ اس بار تحریک عدم اعتماد ناکام نہیں ہوگی‘ عمران خان کو بائے بائے کہنے کا وقت ہوچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ سے پہلے بہت کچھ ہونے والا ہے ، تحریک عدم اعتماد پہلے سے مختلف اور کامیاب ہوگی اور وزیراعظم جانے والے ہیں کیوں کہ عمران خان کو اب بائے بائے کہنے کا وقت ہوچکا ہے ، رواں سال الیکشن کا ہے اور تمام پارٹیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کا الحاق ہوگا سب مل کر حکومت بنائیں گے ۔

منظور وسان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ، انہیں پتا چل چکا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جانے والی ہے ، اس لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جگہ جگہ پر کنٹینر رکھ کر لانگ مارچ کا راستہ بند کیا گیا ۔

چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے اپنے ایک بیان کہا کہ شیخ رشید کے بیان اورمن گھڑت کہانیاں سن کرحیرت ہوتی ہے ، ان کا مستقبل مجھے خراب نظرآرہا ہے ، 23 مارچ اور 27 کے بیچ بہت کچھ ہونے والا ہے ، ممکن ہے 23 مارچ کی پریڈ میں عمران خان کے بجائے کوئی اور شرکت کرے۔

منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 مہینے بہت اہم ہیں، عمران خان کیلئے ایک کے بعد ایک بحران آئے گا، اسی سال عام انتخابات بھی ہو سکتے ہیں ، دو ماہ بہت اہم ہیں، عمران خان ایسے فیصلے کروائیں گے جو مستقبل میں ان کیلئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں، میں خلائی مخلوق پر یقین نہیں رکھتا، لیکن معاملات سنگین نظر آرہے ہیں، اسی سال عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔

مشیرزراعت سندھ منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے23 مارچ تک دن بہت اہم ہیں ، ہوسکتا ہے تحریکِ عدم اعتماد سے پہلے وزیراعظم اسمبلی تحلیل کردیں ، اپوزیشن کے آپس کے اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک عدم اعتماد پر سب متفق ہیں اور حالات سے لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، لیکن مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اس تحریک سے پہلے ہی عمران خان اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں اور آج ادھر ادھر گھومنے والے کل جیل میں بھی ہوسکتے ہیں۔